دبئی،24مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں گذشتہ روز دہشت گردی کی مجرمانہ کارروائی کے بعد جہاں متحدہ عرب امارات نے سرکاری سطح پر اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے برطانیہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وہیں دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ نے بھی برطانوی پرچم اوڑھ کر مانچسٹر دہشت گردی کے متاثرین سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔گذشتہ روز برج الخلیفہ کے بیرونی حصے کو برطانوی پرچم کے خصوصی رنگوں سے سجایا گیا۔ خیال رہے کہ برج الخلیفہ دنیا بھر میں خوشی اور دکھ کے مواقع پر اپنے مخصوص انداز میں اس کا اظہار کرتا ہے۔برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ مانچسٹر میں ایک محفل موسیقی پر حملہ کرنے والے مبینہ خود کش بمبار کی شناخت 22سالہ سلمان العبیدی کے نام سے کی گئی ہے جس کا آبائی تعلق لیبیا سے ہے۔ اس واقعے میں بچوں سمیت 22افراد ہلاک ہو گئے تھے۔